اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک گیر 5 کارروائیوں میں اے این ایف نے 85کلو گرام منشیات برامد کر کےایک ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 59 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لیے گئے۔ چارسدہ کا رہائشی مُلزم پرواز ای آر 703 سے شارجہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔ دوسری کارروائی میں راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس سے بحرین کیلئے بک پارسل سے 717 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک اورکارروائی کے دوران کراچی شاہراہِ فیصل میں واقع کوریئر آفس میں بک پارسل سے ساڑھے 13 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ برآمدہ آئس ڈیکوریشن پیسز کے ذریعے آسٹریلیا بھجوائی جا رہی تھی۔
ترجمان اے این یف نے بتایا کہ چمن میں واقع شین تالاب میں اسمگلنگ کیلئے چھپائی گئی ساڑھے 50 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح نوکنڈی کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 20 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔