گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف سے زیادہ بزدل نواز شریف ہے اور رانا ثناءاللہ دو ٹکے کا آدمی ہے، ہم اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گوندانوالہ والا چوک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں این آر او دینے کا فیصلہ ہوجاتا ہے، کہ اب یہ پاک ہوگئے ہیں، ہم بھیڑ بکریاں نہیں جہاں جی چاہے ہانک دو جبکہ بھیڑ بکریوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت واپس نہیں آئے گا، اللہ کا حکم ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ، کوئی سواری نہیں ہے تو پیدل اسلام آباد آ جاؤ، اللہ تیرے سے وعدہ ہے تیرے سوا کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، عوام عہد کر لیں کہ ہم اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے زیادہ بزدل آدمی نوازشریف ہے جبکہ رانا ثنااللہ دو ٹکے کا آدمی ہے جو وہاں بیٹھ کر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، جانتا ہوں رانا ثنا اللہ تمہارے پسینے چھوٹ رہے ہیں، اسلام آباد پہنچوں گا تو سارے پاکستانیوں کو کال دوں گا، سب پاکستانیوں کو اسلام آباد حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کی دعوت دیتا ہوں، اسلام آباد والی پولیس بھی حقیقی آزادی کیلئے ہمارے ساتھ مل جائے گی۔