لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا آرمی چیف کی تقرری سے کچھ لینادینانہیں ہے بلکہ وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری آئین و قانون کے مطابق کریں گے، عمران خان گھڑی چور ہیں، گوجرانوالہ گھنٹہ گھر کی حفاظت کریں۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدف نعیم کی شہادت پر افسوس ہے، صدف نعیم اپنے فرض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئیں ۔ فتنے نے 4 سالہ دور حکومت میں بہتری کا کوئی کام نہیں کیا، 4 سال میں مہنگائی عروج پر چلی گئی اور معیشت کو تباہ کر دیا گیا، اب عوام کے ٹیکس کا پیسہ لانگ مارچ پر لگایا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے نام پر قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام فتنہ مارچ سے لاتعلق ہیں، فتنے نے جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے، اس نے جلسے جلسوں میں جھوٹ بولا، عمران خان کا ہدف آرمی چیف کی تقرری تھی لیکن یہ تقرری پر امن طور پر ہو گی، عمران خان چاہتا تھا موجودہ حکومت آرمی چیف کی تقرری نہ کر سکے، عمران خان کا آرمی چیف کی تقرری سے کچھ لینادینانہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری آئین وقانون کے مطابق کریں گے۔
مریم نواز نے بھی پریس کانفرنس میں عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والا خود توشہ خانے سے 50 کروڑ روپے کی چیزیں بیچ چکا ہے ، اس نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور 2 کروڑ میں ہیرے کا سیٹ خرید کر 22 کروڑ میں دبئی میں بیچا۔ جب حکومت ختم نہیں کر سکا تو لانگ مارچ کا پلان بنایا، لانگ مارچ کا عوام کی تکالیف سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان کی نام نہاد 22 سالہ جدوجہد غلامی پر مشتمل ہے، عمران خان کے بیٹے لانگ مارچ میں کیوں شرکت نہیں کر رہے؟ عمران خان نے سازش کا بیانیہ گھڑا، ایک کے بعد ایک جھوٹ بولا، عوام کو عمران خان کی اصلیت کا پتہ چل چکا ہے، یہ وہ اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ رہے ہیں جو اس کی آنکھ، ناک، کان بن جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ 5 دن سے لانگ مارچ لاہور میں پھنسا ہوا ہے، پارٹ ٹائم لانگ مارچ 2 گھنٹے بعد ختم ہو جاتا ہے، اتنے لوگ لانگ مارچ میں نہیں ہوتے جتنے سکیورٹی اہلکار ہوتے ہیں، گوجرانوالہ گھنٹہ گھرکی حفاظت کریں،یہ گھڑی چور ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان رات کو چھپ چھپ کر ملتا رہا، بھانڈا پھوٹ گیا، عمران خان رات میں پاؤں اور دن میں گریبان پکڑتا ہے، اس نے اتنے بڑے جھوٹ بولے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو میدان میں آنا پڑا، عمران خان ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے، عمران نے توشہ خانہ کامال لوٹا ہے، عمران خان سیاستدان نہیں بلکہ فارن فنڈڈفتنہ ہے۔
آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کریں گے، پارٹ ٹائم لانگ مارچ ابھی تک لاہور میں پھنسا ہوا ہے:مریم نواز
05:46 PM, 1 Nov, 2022