گوجرانوالہ: ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم فوجی قیادت کا احترام کرتے لیکن وہ عوام کے ساتھ ایک پیج پر نہ آئی تو اسے نقصان ہوگا۔
تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالت ہو، فوج ہو، یا کوئی اور ادارہ ہو، ان کو عوام کے فیصلے تسلیم کرنے ہوں گے کیوں کہ سیاست میں حتمی فیصلہ عوام کرتے ہیں۔ عمران خان کو ہٹانے کا فیصلہ غلط تھا جسے عوام مسترد کر چکے ہیں اور ضمنی الیکشن میں یہ ثابت ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کہتے کہ تحریک انصاف کو حکومت دے دیں، عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ ہمارا مطالبہ صرف الیکشن کا ہے۔ حکومت کے مطابق اگر صرف دو ہزار لوگ لانگ مارچ میں ہیں تو ہمیں اسلام آباد آنے دیں۔
تحریک انصاف وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لانگ مارچ کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔چار دن کا لانگ مارچ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا مارچ پرامن ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر کہیں کوئی ناخواشگوار واقعہ ہوا تو حکومت کے پلانٹڈ لوگ کر سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف فوج کے خلاف ہے، ایسا نہیں ہے۔ پاکستان کی فوج ہے، اور ہم نے ہمیشہ ان کے لیے آواز اٹھائی، اصولی موقف اپنایا۔ ہم ان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں قربانیوں کو، کورونا میں ان کی حکمت عملی، سیلاب میں تعمیری کام ہو، ہم اعتراف کرتے ہیں۔ہم صرف کہتے ہیں کہ آئین نے ان کو کردار دیا ہے اور اس میں رہ کر کام کریں تو ملک اس سے مضبوط ہو گا۔