گوجرانوالہ : تحریک انصاف کا لانگ مارچ پانچویں روز گوجرانوالہ میں چند دا قلعہ سے روانہ ہونے کیلئے تیار ہے۔ مارچ 4 کی بجائے 11 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔
لانگ مارچ کے شرکا سارا دن گوجرانوالہ کے اندرون شہر میں جی ٹی روڈ سے گزریں گے۔ پارٹی کے مقامی ٹکٹ ہولڈر، عہدیداران اور یوتھ ونگ سمیت مختلف ذیلی تنظیموں کے ارکان کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
لانگ مارچ کا جی ٹی روڈ پر شیرانوالہ باغ کے باہر سہ پہر تین بجے وکلا استقبال کریں گے اور یہاں عمران خان کا خطاب متوقع ہے۔ شیرانوالہ باغ سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر گوندلانوالہ چوک میں بڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جہاں شام پانچ بجے جلسہ عام ہو گا اور سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ لگ نہیں رہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کا لانگ مارچ جمعے (چار نومبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گا بلکہ یہ لگ رہا ہے کہ ہم اگلے جمعرات یا جمعے (10 یا 11 نومبر) کو پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ کنٹینر کے ساتھ چلتے ہیں اور ہم زیادہ رفتار کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے کیوںکہ حادثوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ہم روز 10 سے 12 کلومیٹر سے زیادہ نہیں کر پا رہے۔ سکیورٹی کے خطرات کے بعد فیصلہ ہوا تھا کہ مغرب کے بعد سفر نہیں کریں گے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ پنڈی میں ہر جگہ جائیں گے لیکن ریڈزون میں داخل نہیں ہوں گے۔ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ جلد از جلد شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ پی ٹی آئی فوج کے خلاف نہیں ہے لیکن اب فیصلے کوئی اور نہیں بلکہ عوام کریں گے۔