لندن: ماہی گیروں کے تنازع پر برطانیہ اور فرانس نے ایک دوسرے کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے فرانس کو دھمکی دی ہے کہ وہ دو روز میں اپنے مؤقف سے پیچھے ہوٹ جائے بصورت دیگر برطانیہ سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو گا۔
برطانیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فرانس نے ہٹ دھرمی دکھائی تو بریگزٹ ٹریڈ ڈیل کے تحت اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ برطانوی بیان کے جواب میں فرانس نے کہا ہے کہ وہ منگل سے ٹارگٹ کرنے والے اقدامات شروع کرے گا جس میں پڑوسی ممالک کی گاڑیوں کی آمدورفت کی سخت نگرانی بھی شامل ہے۔
فرانس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ برطانیہ نے فرانسیسی ماہی گیروں کو لائسنس دینے سے انکار کیا ہے جس کے بعد اب جوابی کارروائی بھی کی جائے گی جبکہ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ فرانس کے ان تمام ماہی گیروں کو لائسنس دے رہا ہے جو پہلے بھی برطانوی پانیوں میں مچھلیوں کا شکار کرتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ماہی گیروں کے معاملے پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور اب بات عملی اقدامات تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ ہفتے فرانس نے ایک برطانوی ٹرالر کو قبضے میں لے لیا تھا جو لی ہاروے کے نزدیک فرانسیسی پانیوں میں موجود تھا اور فرانس کا کہنا تھا کہ عملے کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں تھیں۔