مودی سرکار نے سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو نظربند کر دیا

05:37 PM, 1 Nov, 2021

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کے گھر پر نظر بند کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے گھر کے دروازے کو تالا لگا دیا گیا ہے اور سابق وزیراعلیٰ کو باہر نہیں نکلنے نہیں دیا جا رہا ہے۔

محبوبہ مفتی کی جماعت پی ڈی پی کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہماری سربراہ اننت ناگ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مارے جانے والے معصوم راہگیر نوجوان کی ہلاکت پر اہل خانہ سے تعزیت کے لیے جارہی تھیں۔

ترجمان پی ڈی پی کے مطابق محبوبہ مفتی کو مقتول نوجوان کے اہل خانہ سے ملنے سے روکنے کے لیے انھیں گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سری نگر پولیس کا کہنا ہے کہ اننت ناگ میں سیکیورٹی وجوہات کے باعث محبوبہ مفتی نہیں جاسکتیں۔ ان کی جان کی حفاظت کے لیے انھیں نظر بند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محبوبہ مفتی کو مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے کالے قانون کے نفاذ پر 5 اگست 2019 کو بھی گرفتار کرلیا تھا اور ان کی رہائی ایک سال بعد عمل میں لائی گئی تھی۔

مزیدخبریں