اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین رچرڈز اور ڈیویڈ گاور نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ۔ ملکی کرکٹ کے فروغ بالخصوص کم عمر کھلاڑیوں کے لیے سہولیات اور مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیو نیوز کے مطابق دونوں کرکٹرز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حالیہ میچوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں۔ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ہدایات دی ہیں تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع ملیں۔
واضح رہے کہ سر ویوین رچرڈز اور ڈیویڈ گاور کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پی ٹی وی سپورٹس سے معاہدہ ہے اور وہ اس لیے پاکستان آئے ہوئے ہیں جہاں وہ روزانہ شو کرتے ہیں۔