قاہرہ: مصر میں ایک عدالت نے واٹس ایپ پر شوہر کے ساتھ گالم گلوچ کرنے والی خاتون کو 50 ہزار مصری پاؤنڈز جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
مصر کے جنوبی صوبے قنا کے شہر نجع حمادی میں عدالت نے اپنی نوعیت کا انوکھا فیصلہ سناتے ہوئے ایک سرکاری ملازم خاتون کی جانب سے واٹس ایپ پر شوہر کو گالیاں دینے اور برا بھلا کہنے پر 50 ہزار مصری پاؤنڈز (3300 ڈالر) جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی ماہ قبل شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس پر 30 سالہ بیوی نے اپنے 43 سالہ شوہر کو واٹس ایپ پر گالم گلوچ پر مشتمل پیغامات بھیجے۔ شوہر نے بیوی کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے ان نازیبا پیغامات کو بھی منسلک کر دیا۔
شوہر کے وکیل ایڈوکیٹ اسماعیل سلاوی کے مطابق ان کے موکل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ ان کی بیوی نے واٹس ایپ سروس کو برائی میں استعمال کیا۔ وکیل نے مزید بتایا کہ مذکورہ خاتون کو 2003ءکے ٹیلی کمیونی کیشن ایکٹ 10 کے آرٹیکل 76 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔