پاکستان سے شکست پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا: اصغر افغان 

پاکستان سے شکست پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا: اصغر افغان 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کو اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہمارے دل ٹوٹ گئے۔ 
اصغر افغان نے ٹی 20 ورلڈکپ پاکستان کے خلاف میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جنہوں نے گزشتہ روز نمیبیا کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا۔ ایک انٹرویو میں اصغر افغان نے پاکستان سے ہار پر انتہائی دل شکستہ انداز میں کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان پاکستان سے ہونے والی شکست کا دکھ ہے جو مجھ سمیت پوری ٹیم نے محسوس کیا اور اس شکست سے ہمارے دل ٹوٹ گئے۔ 


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں شکست پر ہم بہت زیادہ رنجیدہ ہوئے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، یہ میرے لئے بہت مشکل فیصلہ ہے اور بہت لوگو ں نے مجھ سے اس وقت ریٹائرمنٹ پر سوالات کئے مگر میں اس کی وضاحت نہیں کرسکتا، اب مجھے ریٹائر ہونا ہے، میں اب نوجوانوں کو موقع دینا چاہتا ہوں اور یہ ان کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ 
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دی جس میں آصف علی نے ایک اوور میں چار چھکے لگا کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔ 33 سالہ اصغر افغان نے پاکستان کے ہاتھوں شکست کے 24گھنٹوں کے اندر ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 
یاد رہے کہ اصغر افغان نے 114 ون ڈے، 75 ٹی 20 اور 6 ٹیسٹ میچز میں افغانستان کی نمائندگی کر رکھی ہے جبکہ وہ 115 میچز میں افغانستان کی کپتانی بھی کر چکے ہیں، اس کے علاوہ اصغر افغان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی کپتانی میں افغانستان سب سے زیادہ ٹی 20 میچز جیت رکھے ہیں۔