'جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب نہ بنا دیا تو میرا نام شہباز شریف نہیں'

12:52 PM, 1 Nov, 2021

ڈیرہ غازی خان: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ اچھا وقت آنے والا ہے ، جنوبی پنجاب کو سنٹرل پنجاب سے ترقی یافتہ بنائیں گے ۔ جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب نہ بنا دیا تو میرا نام شہباز شریف نہیں ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو بھگانے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے ۔ عوام کے ساتھ مل کر مارچ کریں گے اور حکومت کو نکالیں گے ۔ ریاست مدینہ کا ذکر کرنے والوں نے عوام کو رلا دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تمہارا وقت پورا ہوچکا ہے ۔ حکومت نے 3 سال میں عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ ن لیگ ، پی ٹی آئی کا موازنہ کرلو ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ کون کہتا تھا ڈالر کے مقابلے میں روپیہ گر جائے تو وزیراعظم چور ہے ۔ کون کہتا تھا پٹرول مہنگا ہوجائے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہے ۔ کنٹینر پر چڑھ کر کون کہتا تھا کرپشن ہو تو وزیراعظم چور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں چینی 52 روپے کلو تھی ، آج 120 روپے کلو ہے ۔ دن رات مہنگائی کی جا رہی ہے ، دن رات جھوٹ بولا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ، نواز شریف کے دور میں مہنگائی 3 فیصد تھی اب 14 فیصد ہوگئی ہے ۔ یہ جھوٹ بولتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی خطے میں سب سے کم ہے ۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ۔ مہنگائی اور غربت نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔ حکومت نے اب تک 15 ہزار ارب کے قرضے لیے ہیں ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جولائی 2010 میں جنوبی پنجاب میں بدترین سیلاب آیا تھا جس سے لاکھوں ایکڑ زمینیں تباہ ہوگئی تھیں ۔ سیلاب میں جنوبی پنجاب میں دن رات حاضر ہوتا تھا ۔ مصیبت کے وقت جنوبی پنجاب کے ساتھ رہا اور سیلاب متاثرین میں اربوں روپے تقسیم کیے ۔ ن لیگ نے جنوبی پنجاب کو دوبارہ آباد کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں اپنی خدمات بتانے نہیں آیا بس یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جب مشکل وقت تھا تو نواز شریف اور یہ خادم حاضر تھا ۔

مزیدخبریں