لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق جادوگر سپنر سعید اجمل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سے متعلق انتہائی دلچسپ تبصرہ کر کے دورہ پاکستان سے انکار کرنے والی ٹیموں کو ٹرول کر دیا۔
سعید اجمل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ایک مہینے پہلے کہا جارہا تھا کہ پاکستان میں کھیلنا خطرناک ہے لیکن اب ایک مہینے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم سے کھیلنا خطرناک ہوگیا ہے۔ سعید اجمل کے اس گہرے مگر انتہائی دلچسپ اور قوم کے دل کی ترجمانی سے بھرپور اس تبصرے نے سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا جبکہ سابق کرکٹر کی ٹوئٹ فیس بک اور انسٹاگرام پر وائرل بھی ہے۔
Ik Mahina Pehlay,
— Saeed Ajmal (@REALsaeedajmal) October 31, 2021
•Pakistan me Cricket khelna
khatarnaak hai
Ik mahina baad,
•Pakistan sy cricket khelna khatarnaak hai#Pakistan #T20WorldCup #Change
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے پہلے بھارت کو 10 وکٹوں کی بدترین شکست سے دوچار کیا اور پھر عین موقع پر پاکستان کا دورہ منسوح کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی 5 وکٹوں سے ہرایا۔
پاکستان کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف ہوا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آصف علی کے شاندار چھکوں کی بدولت 5 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور یوں گروپ 2 میں پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کی پوزیشن ابتر صورتحال سے دوچار ہے جسے پاکستان نے عبرتناک شکست سے تو دوچار کیا ہی تھا مگر گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے بھا رتی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم کر دئیے ہیں۔