بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے شکست کا ملبہ آئی سی سی پر ڈال دیا

09:39 AM, 1 Nov, 2021

دبئی: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شکست کا ملبہ آئی سی سی پر ڈال دیا ، کہا ہم 10 روز میں صرف دو بار کھیلے ، یہ بہت لمبی بریک ہے ۔

اپنے بیان میں بھارتی کپتان نے آئی سی سی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ 10 دنوں کی لمبی بریک کے باعث ہم بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں کمزور ثابت ہوئے ، انہوں نے قوم کی امیدوں پر پورا نہ اترنے پر معافی بھی مانگی ۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری شکست پر سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین اپنے ہی ٹیم پر برس پڑے ، کسی نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا مذاق اڑایا تو بعض نے آئی پی ایل پر پابندی لگنے کا مطالبہ کر دیا ۔

بھارتی صارف ، سدھیر مشرا نے لکھا ، کوہلی جو ایک ٹاس نہیں جیت سکتا ، وہ میچ کیا جیتے گا ۔ افغانستان انڈیا سے بہتر کرکٹ کھیل رہا ہے ۔

ایک صارف نے آصف علی کا بینر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ مبارک ہو انڈیا ، اکیلے آصف علی نے پوری بھارتی ٹیم سے زیادہ چھکے مارے ہیں ۔ ایک صارف نے ورلڈ کپ میں نیا ریکارڈ بنانے پر انڈیا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ، یہ آئی پی ایل کے کرشمے ہیں ۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے لکھا ، آج ہندوستان ٹیم کی ویکسین کی دوسری ڈوز بھی مکمل ہوگئی ۔

واضح رہے کہ بھارت کی ہار ، پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ۔

مزیدخبریں