ایاز صادق نے فوج مخالف بیان پر خاموشی توڑ دی

06:10 PM, 1 Nov, 2020

لاہور :مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ حکومت میری بات کو فوج پر ڈال رہی ہے جو کہ مناسب بات نہیں ،انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے کبھی حکومت سے این آر او نہیں مانگا اور نہ ہی عمران خان سے  این آر او چاہتے ہیں ۔

ایازصادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں کی گئی بات کو غلط رنگ دیا جس پر عوام نے اپنے غصے کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا ہ کہاں کی حب الوطنی ہے کہ بھارت کے جھنڈے لاہور کی سڑکوں پر نصب کر دیئے جائیں، حب الوطنی کے نام پر بھارتی جھنڈے اور نریندر مودی کی تصویریں پاکستان میں لگا دی گئیں، ان کے پاس کارکردگی نہیں ہے یہ بس غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹ رہے ہیں ۔

اس سے قبل  رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان پر پروپیگنڈا کر رہی ہے،رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت بھارتی پروپیگنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اور مسلم لیگ (ن) کو اس بیان سے منسوب کیا جائے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہمیں اداروں سے متصادم کرایا جائے،لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزیدخبریں