اسلام آباد: بھارت کی پاکستان کیخلاف ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ دشمن فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے بارے جعلی خبریں پھیلانے لگا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان کی فرانس میں پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے سے متعلق بھارتی جعلی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیاجعلی ٹویٹر اکاؤنٹس سے پاکستانیوں کو فرانس سے نکالنے کی خبروں کو پھیلا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کیخلاف خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔ فرانس میں مقیم پاکستانی قانون پسند شہری ہیں۔ دشمن عناصر جعلی ٹویٹر اکاؤنٹس سے جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ اس گمراہ کن معلومات میں واضح طور پر بھارتی پروپیگنڈے کا ہاتھ ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فرانس میں موجود پاکستانی فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانیوں کی طرف سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت نہیں ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ پیرس کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ موجود ہے۔ شہری کسی بھی معلومات کیلئے مذکورہ اکاؤنٹ سے رابطہ کریں۔