لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان پر پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت بھارتی پروپیگنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اور مسلم لیگ (ن) کو اس بیان سے منسوب کیا جائے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہمیں اداروں سے متصادم کرایا جائے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ کو قومی رائے کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے ووٹ کو عزت دو سے کیا مراد ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوان نسل کو ٹائیگر فورس اور سوشل میڈیا فورس کے نام سے پریشان کر رہی ہے۔ حکومت نے ٹائیگر فورس کو ٹاؤٹ فورس بنا دیا ہے، وہ سب کو بلیک میل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی رائے اور پالیسیز سے تمام پارٹی رہنما متفق ہیں۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن اور ملک میں قانون کی بالا دستی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے، اس کا اجلاس بلایا جائے اور الیکشن میں غیر قانونی مداخلت روکنے سے متعلق بات کی جائے۔ موجودہ حکومت نفرت اور انتقام کی سیاست کو آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت کے ترجمان وزیراعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جو جتنا زیادہ اپوزیشن کیخلاف بولتا ہے، وزیراعظم اسے شام کو تھپکی دیتے ہیں۔ جب تک ملک میں محاذ آرائی کی سیاست رہے گی، ملک کیسے آگے بڑھے گا؟