پی ڈی ایم کا اختلاف سٹیبلشمنٹ کے عمران خان کو دیئے گئے تعاون پر ہے، سراج الحق

02:09 PM, 1 Nov, 2020

باجوڑ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف ٹی اے ایف) اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دباؤ میں بنائے گئے قوانین میں اپوزیشن نے حکومت کا ساتھ دیا تھا۔ پی ڈی ایم کا اختلاف سٹیبلشمنٹ کے عمران خان کو دیئے گئے تعاون پر ہے۔

باجوڑ میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں انگریز کے نظام کی بجائے قرآن کریم کا نظام دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ نظام لانا چاہتے ہیں جس میں غریب کسان حکمرانوں سے اپنا حق پوچھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جو ہوتا تھا، وہی اس حکومت میں بھی ہو رہا ہے۔ چہروں کی نہیں نظام کی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ آج بھی ملک میں ظلم کا نظام ہے، سٹیٹس کو کا نظام ہے۔ پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ سٹیبلشمنٹ کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ سٹیبلشمنٹ نے قوم سے انصاف نہیں کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سٹیبلشمنٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے قوم سے انصاف نہیں کیا ہے۔ نااہل لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا جس سے سٹیبلشمنٹ کی بدنامی ہو رہی ہے۔ اشارہ دوں گا بہت جلد پشاور اور اسلام آباد کا بھی رخ کریں گے۔ مولانا کی طرح اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک نہیں آئیں گے جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے۔ غریب عوام اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کیلئے نکلا ہوں۔ میرے ساتھ مافیا نہیں بلکہ غریب، دیانتدار اور ایماندار لوگ ہیں۔

مزیدخبریں