اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعلیٰ پنجاب

12:33 PM, 1 Nov, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اپوزیشن کا حالیہ بیانیہ پاکستان کے بیانیے کے یکسر خلاف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کے مسائل سے بے خبر اپوزیشن صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کا منفی کردار قابل مذمت ہے۔ 22 کروڑ عوام پاکستان کیخلاف کوئی مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا کی دوسری لہر کے باوجود اجتماعات کی سیاست سے گریز نہیں کیا۔ شہریوں کی زندگیوں اور صحت سے کھیلنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کا کوئی درد نہیں ہے۔ اپوزیشن نے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی مذموم کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے ذاتی مفاد کیلئے پاکستان کے مفادات کو نظر انداز کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کو پاکستان مخالف بیانیے کا حساب دینا پڑے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا تھا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔

مزیدخبریں