شکار پور: شکار پور کے علاقے سلطان کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے جیکب آباد آنے والی سکھر ایکسپریس ٹرین کی بوگی میں آگ لگ گئی جسے بروقت کارروائی کر کے بجھا دیا گیا۔
کراچی سے جیکب آباد آنے والی سکھر ایکسپریس ٹرین کی بوگی نمبر 13 اکانامی کلاس کے اوپر والے حصے میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مسافروں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بوگی میں لگی آگ کو بجھا دیا اور ٹرین جیکب آباد روانہ کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر برگیڈ اور ایمبولینسسز موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بوگی میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کو ریسکیو کیا۔ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوےحکام کا کہنا ہے کہ سکھر ایکسپریس میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔
حکام کے مطابق ٹرین کی 2 بوگیوں کے درمیان ربڑ کے پائدان کو آگ لگی تھی جس کے بعد سکھر ایکسپریس کی باقی بوگیوں کو الگ کر کے آگ بجھا دی گئی اور ٹرین کو اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔