اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 168 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول اور انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے ضلع لاہور میں سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 168 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول اور انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔این اے 131 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور کےصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 کی نشست خالی کر دی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کے ضمنی الیکشن کے لئے انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 168 میں پولنگ 13 دسمبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 168 لاہور کا ضمنی انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے حلقے میں نئی ترقیاتی سکیموں پر پابندی لگاتے ہوئےضلع لاہور میں سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر بھی پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے تحت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی الیکشن کے انعقاد تک حلقے کا دورہ نہیں کر سکتے جبکہ وزیر اعظم، وزیر اعلی اور وفاقی و صوبائی وزراء پر بھی متعلقہ حلقے کے دورے پر پابندی ہو گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے باضابطہ طور پر ضمنی انتخاب کے لئے اپنے امیدواروں کا حتمی اعلان نہیں کیا۔
تاہم اس حلقے سے انتخاب لڑنے کے خواہشمند دونوں بڑی جماعتوں کے کئی رہنماؤں نے اپنے طور پر کمپیئن شروع کی ہوئی ہے ۔