جکارتہ: انڈونیشیا میں حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔ بلیک باکس ملنے سے طیارہ گرنے کی وجہ جاننے میں مدد ملے گی۔انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا ہے لیکن ابھی یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ یہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر ہے یا کاک پٹ وائس ریکارڈر ہے۔
بحری غوطہ خوروں نے سمندر کی گہرائی میں مٹی کھود کر ملبے کے درمیان سے بلیک باکس کو نکالا۔ اورنج رنگ کا یہ بلیک باکس درست حالت میں ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے ترجمان یوسف لطیف کا کہنا ہے کہ بلیک بلاکس تلاش کر لیا گیا جس کے بعد اسے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔پیر کے روز مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 189 افراد سوار تھے۔