لاہور: پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کا لندن پلان بھی دم توڑتی پارٹی میں جان نہیں ڈال سکے گا، ملک کو لوٹنے والوں کی سیاست ختم ہو چکی، کرپٹ مافیا انتخابات کے بجائے جیلوں میں جانے کی تیاری کرے۔
انہوں نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازخاندان نے لندن کو محفوظ پناہ گاہ سمجھ رکھا ہے جس کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں،وہاں بیٹھ کر عدلیہ اور فوج پر حملے شروع کردیتا ہے۔برائے نام وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی ریفرنسز کا سامنا کرنے کے بجائے بیماری کے بہانے تراش رہے ہیں اسی لیے دبئی میں سمن وصول کرنے کے بعد بیٹے بھی لندن جا پہنچے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر خزانہ کو ملکی معیشت بھول چکی ہے اور انہیں صرف اپنے بچوں کی جائیدادیں بچانے کی فکر کھائے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ لندن اور پاکستان الگ ہونے والی ہیں،نواز شریف خود نااہل ہوچکے، اب ایک کونسلر کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے، وہ کس منہ سے دوسروں کو انتخابات لڑنے کیلئے منتخب کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ملک ایک بحرانی صورتحال سے دوچار ہے، نواز لیگ کی اپنی کوئی ساکھ نہیں رہی، ملکی وقار اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کیا کرسکتی ہے؟
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام مہنگائی سے بلبلا اٹھے ہیں،ہر ہفتے پٹرول بم گراکر معیشت تباہ کی جارہی ہے، ملک کا کوئی پرسان حال نہیں، انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ بلا جواز اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا حکومت ہوش کے ناخن لے اور یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کو لندن کے پھیروں سے فرصت ملے تو کسی اور معاملے کو دیکھے، یونہی ملکی نظام چلایا گیا تو قوم مزید کئی برس پیچھے چلی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نئے انتخابات ناگزیر ہوچکے لیکن اداروں کو مفادات کیلئے استعمال کرنے والی نواز لیگ نے ایک منظم سازش کے تحت نئی حلقہ بندیوں میں من پسند فیصلوں کیلئے تیاری شروع کررکھی ہے، مردم شماری کے نتائج میں غیر معمولی تاخیر کی جارہی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر میدان میں اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، طویل سیاہ رات کے بعد عمران خان کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں قوم کو امید کی کرن نظر آئی ہے،اس تاریخ ساز دور میں ثابت قدم رہتے ہوئے روشن پاکستان کا خواب پورا کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔