'قندیل کے قتل میں استعمال ہونیوالی کار کا مالک ان کا رشتے دار ہے'

12:39 PM, 1 Nov, 2017

ملتان: مفتی عبدالقوی نے اعتراف کیا ہےکہ قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کا مالک ان کا رشتے دار ہے۔ قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد مزید 2 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتی عبدالقوی نے دوران تفتیش پولیس کو بیان دیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال کار ان کے رشتے دار کی ہے جبکہ کار کا مالک اور ڈرائیور ان کا رشتے دار ہے۔

مفتی عبدالقوی نے بتایا کہ عبدالباسط کی کار قتل کے دوران مرکزی ملزمان وسیم اور حق نواز نے استعمال کی تھی جب کہ ڈرائیور عبدالباسط کے دادا اور میرے دادا خالہ زاد بھائی ہیں۔ گزشتہ روز قندیل بلوچ کے والدین اپنے ہی بیان سے منحرف ہو گئے تھے۔ قندیل بلوچ کے والد نے پولیس کو کہا تھا کہ قندیل بلوچ کو اس کے بھائی وسیم نے نہیں رشتے دار حق نواز نے قتل کیا۔

قندیل بلوچ کے والدین نے اپنے بیان میں مزید کہا وسیم قتل کے وقت صرف پاس کھڑا رہا جبکہ قندیل کے قتل میں مفتی عبدالقوی بھی ملوث ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں