ماسکو:روس نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن سے ملاقات کی تھی ،گذشتہ روز روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے سرکاری ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں امریکی حکومت کی سرگرمیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا۔
کہ یاد کرو وہ زبردست، سر کو چکرا دینے والی تصاویر جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وائٹ ہاوس میں اسامہ بن لادن کی کس طرح میزبانی کی گئی تھی۔ان کا اشارہ اس تصویر کی جانب تھا جو روسی ٹوئٹر پر گردش کر رہی ہے۔لیکن یہ تصویر جعلی ہے۔ اصل تصویر 2004 میں اس وقت لی گئی تھی جب ہلیری کلنٹن ایک تقریب میں انڈین موسیقار سبھاشیش مکھرجی سے ملی تھیں۔
تب جارج ڈبلیو بش امریکی صدر تھے اور ہلیری کلنٹن سینیٹر تھیں۔یہ ثابت کرنا تو ناممکن ہے کہ ہلیری کلنٹن کی کبھی اسامہ بن لادن سے ملاقات نہیں ہوئی۔ لیکن یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ اگر وہ ملے بھی ہوں تو انھوں نے اکٹھے تصاویر نہیں کھنچوائیں۔اسامہ کی اہلیہ نجوی غانم بن لادن اور بیٹے عمر بن لادن کی کتاب کے مطابق اسامہ 1979 میں دو ہفتوں کے لیے امریکہ گئے تھے ۔
جہاں انھوں نے اپنے روحانی استاد عبداللہ عزام سے ملاقات کی تھی، جنھیں بابائے بین الاقوامی جہاد کہا جاتا ہے۔ اس دوران اسامہ نے ریاست انڈیانا اور لاس اینجلس کا سفر کیا تھا تاہم اس بات کے شواہد نہیں ہیں کہ وہ کبھی وائٹ ہاوس گئے ہوں۔