لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اداروں سے محاذ آرائی کی قائل نہیں ہے، ہم نے جھگڑا بالکل نہیں کرنا،ہمیں اشتعال دلانے کے لیے ایڑی چوٹی کازورلگایاجارہاہے، 2018ءکے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ہی کامیابی حاصل کرے گی اور اگر حالات یہی رہے تو ضروری نہیں کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں ، ان کی جگہ وزارت اعظمی کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز ہمارے لیڈر نہیں،حمزہ شہبازچھوٹے بھائی ہیں جبکہ مریم ہماری بہن بیٹی ہیں ، دونوں کو بچے کہا جا رہا ہے اور یہ تاثر بھی غلط ہے کیوں کہ یہ دونوں بچے نہیں بلکہ یہ دونوں اپنی اپنی سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ تاہم مسلم لیگ(ن) میں حمزہ اور مریم کا نہیں بلکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بیانیہ چلے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے جھگڑا نہیں کرنا ، ہم ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے اور اپنی سیاسی جدوجہد کو جاری رکھیں گے کیوں کہ جھگڑا پاکستان کے مفاد میں نہیں۔
ہم سیاست کرتے ہیں اور عوام کے مینڈیٹ سے منتخب ہوتے ہیں ، ہمیں اگر انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا یا ہمیں انصاف نہیں ملے گا تو اس کا اظہار ہم عوام میں کریں گے ، کیوں کہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے اور اس سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔ کسی کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں،ہمارے بڑوں نے بھی یہ لڑائی لڑی، ہم تو صرف اصولوں کی بات کرتے ہیں۔ نواز شریف اورشہباز شریف دونوں بھائی اپنی اپنی صلاحیتیں رکھتے ہیں ، نواز شریف اس وقت پارٹی کے صدر ہیں اگر وہ پارٹی کے صدر نہیں رہیں گے ، پھر بھی سپریم لیڈر تو وہی رہیں گے۔
جو رویہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے، ایسا دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی رکھا جا چکا ہے، ہم اس آزمائش سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔