اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں محنت کشوں کاعالمی دن آج ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایاجارہاہے۔
لیبر ڈے کے اس موقع پر آج ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے جبکہ لیبر ڈے پر گوگل کا ڈوڈل بھی بدل گیا۔
اس سال دن کاموضوع ہے”موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں کام کی جگہ کومحفوظ اورمزدوروں کی صحت کو یقینی بنانا“ ۔
مختلف سرکاری اورنجی تنظیموں نے محنت کشں طبقے کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کانفرنسز اور سیمینارز سمیت مارچ اورواکس کے انعقاد کااہتمام کیاہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کریں۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی، استحصالی طریقوں کے خاتمے اور مزدوروں کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں رزق حلال کمانے کی خاطر مشقت اور محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی لوگ ملک کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جو نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلیے بھی خون پسینہ بہا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مستقل مزاجی سے بھرپور محنت کرنا ہو گی۔