پرویز الہٰی کے گھر پر ایسے حملہ ہوا جیسے وہ ڈاکو ہو، ہینڈلرز کو بتانا چاہتا ہوں سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا: عمران 

پرویز الہٰی کے گھر پر ایسے حملہ ہوا جیسے وہ ڈاکو ہو، ہینڈلرز کو بتانا چاہتا ہوں سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا: عمران 
سورس: Twitter

لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کے گھر ایسے حملہ کیا گیا جیسے وہ کوئی ڈاکو ہو۔ علی امین گنڈا پور کو ایک جیل سے دوسری جیل لے جایا جا رہا ہے۔ قانون کی حکمرانی تک مزدوروں کو حقوق نہیں ملیں گے۔ 

ناصر باغ لاہور میں پی ٹی آئی کی مزدور ریلی سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ نگران حکومت کی اب کوئی حیثیت نہیں ہے۔ آئین کے مطابق جب اسمبلی ختم ہوتو 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری ہے۔ ہم پرجرائم پیشہ لوگ مسلط کیے گئے جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ 

عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن اس وقت کرائیں گے جب انہیں یقین ہوگا کہ میں راستے سے ہٹ گیا۔ مجھے وزیر آباد اور اسلام آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہ اب بھی مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کل مذاکرات میں ایک ہی بات رکھیں گے کہ اگر 14 مئی سے پہلے قومی اسمبلی نہ توڑی تو مذاکرات ختم کردیں گے۔ 14 مئی سے پہلے اسمبلی توڑنے پر ہی ایک ساتھ انتخابات پر راضی ہوں گے۔ حکومت اور ہینڈلرز کو کہنا چاہتا ہوں کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ ہوا تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ ہم عدالت کو کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور کے پی کا الیکشن چاہیے۔ 

  

قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ شاندار ریلی ان لوگوں کے لئے انتباہ ہے جو سپریم کورٹ اور آئین کی خلاف ورزی کا سوچ رہے ہیں۔ ہماری یوم مئی کی ریلی کے لیے لاہور سے زبردست رسپانس ملا۔

 انہوں نے کہا کہ شاندار آغاز کے بعد ریلی اور بھی زور پکڑ رہی ہے، یہ ان لوگوں کے لیےانتباہ ہے جو سپریم کورٹ اور آئین کی خلاف ورزی کا سوچ رہےہیں۔ عوام آئین کی خلاف ورزی کرنے والے مافیا کو برداشت نہیں کرے گی۔

مصنف کے بارے میں