خاتون کے کان میں مکڑی کے گھر کا انکشاف 

06:15 PM, 1 May, 2023

نیوویب ڈیسک

سیچوان: چین کے صوبے سیچوان کے اسپتال میں ایک خاتون کان میں تکلیف اور مستقل گھنٹی بجنے کی آوازیں سنائی دینے کی شکایت لیے ہوئے آئی۔ ناک، کان اور گلا کے ماہر ڈاکٹر نے تفصیلی معائنے کے بعد جب اسے کان میں درد اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب بتایا تو وہ ششدر رہ گئی۔

ڈاکٹر ہان چنگ لونگ نے اینڈواسکوپی کرتے ہوئے خاتون کو بتایا کہ اس کے دائیں کان میں مکڑی نے گھر بنایا ہوا ہے اور مکڑی کا پورا خاندان اس کے کان میں رہائش پذیر ہے!

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر نے ابتدائی طور پر جب کان کے پردے کا معائنہ کیا تو اسے کوئی غیرمعمولی بات محسوس نہیں ہوئی مگر جب تفصیلی معائنہ کیا تو کان کے پردے کے پیچھے کوئی شے حرکت کرتی دکھائی دی۔

بعدازاں ڈاکٹرہان چنگ لونگ نے اینڈو اسکوپی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران ڈاکٹر پر انکشاف ہوا کہ اوپر دکھائی دینے والا پردہ دراصل کان کا پردہ نہیں بلکہ مکڑی کا بنایا گیا جالا تھا۔

جالے کو توڑتے ہی مکڑی نے طیش میں آکر اینڈو اسکوپک ٹیوب پر حملہ بھی کر ڈالا۔ اینڈو اسکوپی اور مکڑی کو اس کے خاندان سمیت ’ کان بدر‘ کرنے کی یہ تمام کارروائی ڈاکٹر نے خصوصی آلے کی مدد سے انجام دی جس پر ویڈیو کیمرا لگا ہوا تھا، یوں یہ تمام کارروائی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔

ڈاکٹر ہانگ چنگ لونگ نے اس کیس کے بارے میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کان کے تفصیلی معائنے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ تکلیف اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب کچھ اور ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکڑی نے کان کے پردے سے مشابہ جالا تان دیا تھا۔ جب میں نے پہلی بار اینڈواسکوپ کان میں داخل کی تو کوئی غیرمعمولی بات نظر نہیں آئی، مگر قریب سے دیکھنے پر احساس ہوا کہ پردے کے نیچے کوئی شے متحرک ہے۔ جب میں نے جالا ہٹایا تو مکڑی نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر بالآخر یہ پورا ’آپریشن‘ اطمینان بخش طریقے سے انجام پاگیا۔

مزیدخبریں