جنرل فیض اور ثاقب نثار کا عمران خان کو واپس لانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا، شہباز شریف جس ملک جاتے ہیں وہ کہتے ہیں گارنٹی دیں عمران خان دوبارہ وزیر اعظم نہیں بنے گا: مریم نواز

03:35 PM, 1 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جنرل فیض، ثاقب نثار ، جسٹس کھوسہ کا عمران خان کو واپس لانے کا منصوبہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پیپر آؤٹ ہوگیا ہے اب یہ منصوبہ ناکام ہوگا۔ 

مسلم لیگ ن لیبر ونگ کی طرف سے یکم مئی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرنے کا ذمہ دار صرف فتنہ خان نہیں بلکہ ثاقب نثار ، جسٹس کھوسہ اور جنرل فیض برابر کے ذمہ دار ہیں۔ نواز شریف کو نکالنے والے جج کا بیٹا ایک کروڑ 20 لاکھ رشوت دیتے پکڑا گیا ہے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ کسی کی ذاتی گفتگو ریکارڈ کرنا اچھی بات نہیں لیکن یہاں تو سازش ہو رہی تھی۔ تمام سازشی کردار منظر عام پر آگئے ہیں ۔ جسٹس کھوسہ نے عمران خان کو کہا کہ کہاں سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں میرے پاس آؤ میں نواز شریف کو نکالتا ہوں۔ شہباز شریف جس ملک میں جاتے ہیں آگے سے کہا جا تا ہے گارنٹی دیں عمران خان دوبارہ نہیں آئے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب نشہ کرتا ہے تو اسے سمجھ نہیں آتی کہ وہ کیا بول رہا ہے۔ اس ملک کے مالک عوام ہیں نشہ کرنے والا تمہارا دماغ نہیں ہے۔ لیڈر ہمیشہ سینہ تان پر پیش ہوتے ہیں کالا ڈبا پہن کر نہیں آتے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے سخت معاشی حالات کے باوجود کم سے کم اجرت میں اضافہ کیا۔خواہش ہے مزدور اور محنت کش کی کم سے کم اجرت 40 ہزا رروپے ہو ۔نوازشریف کے وژن پر عمل پیرا ہوکر ملک ترقی کرےگا۔نوازشریف کے وژن پر عمل پیرا ہونے سے مزدوروں کو ملک سےباہر نہیں جانا پڑےگا۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے فتنہ بھی آج مزدوروں کیلئے ریلی نکال رہا ہے۔اس سے کہتی ہوں ریلی نکالنے کی بجائے پاکستان کیخلاف سازشیں کرنا بند کریں۔پاکستان کی ترقی کی راہ میں ایک رکاوٹ حائل ہے اس کا نام عمران خان ہے۔عمران خان سیاسی مخالف نہیں بلکہ ملک کیلئے ایک دہشت گرد  ہے۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان جیت جائے تب ملک کیلئے تباہی کا باعث وہ ہار جائے تب بھی تباہی ہے۔ ملک کی تباہی کا صرف عمران خان ہی نہیں بلکہ اس کا پورا گینگ ذمہ دار ہے۔ عمران خان اور اس کے سازشی ٹولے نے ملک کو گدھوں کی طرح نوچ کر کھایا ہے۔ عمران خان ملک کیخلاف  سازش کرنا چھوڑ دے تو مزدوروں کے حالات بھی بہتر ہو جائیں۔ 

مزیدخبریں