اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ فوج اور عمران خان کے تعلقات اچھے ہوجائیں: شیخ رشید 

12:02 PM, 1 May, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کے فوج سے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ فوج اور عمران خان کے تعلقات اچھے ہوجائیں ۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ طاقت سرچشمہ عوام ہیں میں بھی یہی کہتا ہوں۔ فوج سے کہنا چاہتا ہوں کہ بے شک دھاندلی والے الیکشن کرادیں لیکن الیکشن ضرور کرائیں کیونکہ جیتنا عمران خان نے ہی ہے۔ 

دوسری طرف اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ  مذاکرات بہانہ ہے یا الیکشن کروانا ہے، اس کا فیصلہ 10 مئی تک ہو جائے گا۔عدلیہ، آئین اور قانون ہر صورت میں جیتے گا۔ الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے، 10 دن پہلے یا 10 دن بعد ہوں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ہفتے سپریم کورٹ سے قوم کو اہم فیصلوں کی توقع ہے۔  جو روز آڈیو، ویڈیو کھیل رہے تھے ان کے اپنے وزیر خارجہ، وزیراعظم کی آڈیو بھی لیگ ہوگئی۔ حکومت نے رمضان میں 20 ارب کی دیہاڑی بھی لگائی۔ قوم جاننا چاہتی ہے بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر دروازے توڑتی ہیں؟۔

مزیدخبریں