پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کو ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں تاہم اس سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں قاری عبدالرؤف مدنی کی زیر زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جسے پشاور کے نواحی علاقے سوڑیزئی سے 12 شہادتیں اور مردان سے 3 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
قاری عبدالرؤف مدنی اور ان کی ٹیم اجلاس میں شہادتوں کی شرعی حیثیت جانچ رہی ہے جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں چاند دیکھنے کا دورانیہ 37 منٹ ہے جبکہ اس دوران موسم بھی ابر آلود رہے گا جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان کم ہے۔
محکمہ موسمیات پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ اس وقت چاند کی عمر 17 گھنٹے ہے اور چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔