لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال بالخصوص صوبے میں چینی باشندوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ عید کے موقع پر لوگوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔
حمزہ شہباز نے چاند رات اور عید کے اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا حکم دیا۔ انہوں نے ضلعی امن و امان کمیٹیوں کو فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ون ویلنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں اور عید کے دنوں میں یہ خطرناک اسٹنٹ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول احمد، اویس لغاری، ملک محمد احمد خان، جہانگیر خانزادہ، ذیشان رفیق، عطاء اللہ تارڑ، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کے تمام کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔