اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مزدوروں کے حقوق کیلئے سیمینارز، تقریبات اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے پورے ملک میں سیمینارز، تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن پاکستان اور دنیا بھر میں آج بھی مزدور اپنے حقوق سے محروم ہیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ’یوم مزدور‘ قومی سطح پر سب سے پہلے 1973ء میں ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور اقتدار میں منایا گیا ۔
عالمی سطح پر اس دن کاآغاز اس وقت ہوا جب امریکی شہر شکاگو میں یکم مئی 1886 کو ہزاروں مزدور اپنے حقوق کی جدوجہد اور اپنے خلاف ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ ان مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ ان کے کام کے اوقات کو 14 گھنٹوں سے کم کرکے 8 گھنٹے کیا جائے۔اس وقت کی اخباری رپورٹس کے مطابق یہ تحریک اتنی کامیاب تھی کہ تمام فیکٹریاں بند ہوگئی تھی۔ لیکن انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے اس پر امن ریلی پر فائرنگ کرکے سینکڑوں مزدوروں کو لقمہ اجل بنا دیا ، فائرنگ کے اس خوفناک واقعے میں متعدد مزدور زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ اڑھائی سو کے قریب مزدوروں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جس کے نتیجے میں یہ تحریک خاموش ہونے کے بجائے دنیا بھر میں پھیلتی گئی جو آج بھی کسی نہ کسی شکل میں موجود ہیں ۔