اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سربراہ گوہر اعجاز نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے عید کی تعطیلات پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ اپٹما گوہر اعجاز نے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں عید الفطر پر تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ملک اتنی چھٹیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، عید کی چھٹیاں صرف13 سے16مئی تک4 دن کی ہونی چاہئیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت 10 دن تک پیداوار اور ٹرانسپورٹیشن بند نہیں کرسکتی، 10چھٹیوں سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا اور اس سے ٹیکسٹائل اور دیگر برآمدات کا ہدف بھی متاثر ہو گا، کاروباری برادری کورونا ایس اوپیزپر مکمل عمل درآمدکر رہی ہے اس لئے حکومت تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عید الفطر کے موقع پر 10 سے 15 مئی تک سرکاری چھٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اس حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہے جن کے مطابق 8 تا 16 مئی ’گھر رہو محفوظ رہو‘ کی حکمت عملی پر عملدرآمدکیاجائے گا۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ زیادہ چھٹیوں کا مقصد عیدکے دوران ملکی سطح پر نقل و حمل کو محدودکرنا ہے جبکہ یوم علی،شب قدر،اعتکاف اور جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنزپر عملدرآمد یکم مئی سے ہوگا۔اس کے علاوہ چاند رات کو مہندی، جیولری اورکپڑوں کے سٹالز پرپابندی ہو گی، تفریحی مقامات،ان کے اردگرد موجود ہوٹل، پبلک پارکس اور شاپنگ مالز بھی 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔
عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران بین الصوبائی، انٹرسٹی اور انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہوگی جبکہ نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیوں کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہو گی تاہم ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔