کورونا وائرس میں مبتلا سینئر بالی ووڈ اداکار رندھیر کپور آئی سی یو منتقل

08:29 PM, 1 May, 2021

نئی دہلی: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس میں مبتلا بالی وڈ کے سینئر ادکار اور ادکارہ کرینہ کپور اور کرشمہ کپور کے والد رندھیر کپور کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل 74 سالہ اداکار رندھیر کپور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہیں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے البتہ ان کی حالت بہتر ہے۔ 
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آئی سی یو میں سینئر اداکار کی نگرانی کی جارہی ہے اور ان کی حالت بہتر ہے تاہم انہیں مزید چند روز ہسپتال میں رکھا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ رندھیرکپور معروف بالی وڈ اداکار اور فلم ساز راج کپور کے بڑے بیٹے ہیں ، ایک سال کے عرصے کے دوران ان کے دونوں بھائی رشی کپور اور راجیو کپور انتقال کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اداکار رندھیر کپور کے بھتیجے رنبیر کپور بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے تاہم انہوں نے خود کو فوری قرنطینہ کر لیا تھا جس کے باعث ان کی طبیعت میں جلد بہتری آئی جس کے بعد وہ اپنی گرل فرینڈ عالیہ بھٹ کے ساتھ مالدیپ میں چھٹیاں منانے بھی گئے۔ 
بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی شدید ہو چکی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سینکڑوں امواتیں ہو رہی ہیں، ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہو چکی ہے اور علاج کی سہولیات نہ ہونے کے باعث کئی شہروں میں مظاہرے بھی کئے گئے ہیں۔ 

مزیدخبریں