اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ صرف مشروط مجالس کی اجازت ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہونگی، یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس میں محدود افراد شریک ہو سکیں گے، مجالس پر رمضان تراویح اور مساجد والی ایس او پیز نافذ ہونگی۔
ادھر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ملک میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی اقسام رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ افریقی اور برازیلی کورونا کی کنٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی ہے لیکن وائرس کی قسم کوئی بھی ہو، ایس اوپیز پر عمل میں تحفظ ہے، ماسک پہننا یقینی بنائیں، گھر سے بلا ضرورت باہر مت نکلیں۔ سماجی فیصلے کو عمل طور پر یقینی بنائیں۔
سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ برطانوی قسم تیزی سے پھیلتی ہے جبکہ جنوبی افریقا اور برازیلی اقسام کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ویکسین کرانے کے باوجود وائرس کی یہ قسم شہریوں کو لگ سکتی ہے۔
دوسری جانب نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے قائم خصوصی کمیٹی بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے متعلق پالیسی پر عملدآمد یقینی بنانے کی پابند ہوگی۔ معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل کمیٹی کے سربراہ جبکہ بریگیڈیر احتشام الحق ڈائریکٹر آپریشنز ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ، ضلعی محکمہ صحت اور تمام ائرپورٹس مینیجر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ وزارت صحت ہیلتھ پروٹوکول، اے ایس ایف اور ایف آئی اے انتظامی معاملات دیکھنے کی پابند ہوگی۔