ڈی جی ایف آئی اے نے 52 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا، نوٹیفکیشن جاری

05:26 PM, 1 May, 2021

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے ادارے کے 52 افسران کو ملازمت سے بر طرف کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق بر طرف کئے جانے والوں میں احمد جان خان، گل شیر مغیری، رحمت اللہ ڈومکی، رشید سومرو، علی حسن زرداری، زبیر پیچوہو، عالم زیب، ظفیر الحق قاسمی، غلام اکبر زرداری، رشید شیخ، طاہر جان درانی، شفیع کلوڑ، فہیم اقبال اور پرویز احمد شامل ہیں۔ برطرف ہونے والے تمام افراد ایف آئی اے میں براہ راست بھرتی ہوئے تھے اور انہیں عدالتی احکامات پر برطرف کیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے چند روز قبل ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں پبلک سروس کمیشن ٹیسٹ انٹرویو کے بغیر بھرتی ہونے والے تمام ملازمین کو فوری فارغ کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاءکو 15 روز میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ 
چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے تھے کہ عدالتی حکم کے مطابق تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں، ایف آئی اے رپورٹ نے تو سارا کٹھہ چٹھہ کھول کر رکھ دیا جبکہ ہائیکورٹ کے بھرتیوں کو قانونی قرار دینے کافیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ہے۔ 

مزیدخبریں