پی سی بی کا نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ 

05:09 PM, 1 May, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کیلئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی ترقی اور تنزلی کے ساتھ نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کے حالیہ سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے ملیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹس کیلئے ہیڈ کوچ مصباح الحق، چیف سلیکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کو دورہ زمبابوے کے بعد حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی ترقی اور تنزلی کے ساتھ نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ فاسٹ باؤلر حسن علی، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور عثمان قادر کو کنٹریکٹ ملیں گے جبکہ عثمان شنواری اور افتخار احمد کو کنٹریکٹ ملنے کی امید نہیں ہے۔
اسی طرح فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور محمد حسنین کو سی کیٹیگری جبکہ فخر زمان کو بی کیٹیگری میں ترقی مل سکتی ہے لیکن اسد شفیق، شان مسعود اور حارث سہیل کی تنزلی کا امکان ہے، فروری میں سی کیٹیگری سے انکار کرنے والے محمد حفیظ کو ایک بار پھر کنٹریکٹ پیش کیا جائے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی صرف ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اس لئے انہیں اے سے بی کیٹیگری میں لانے کی تجویز پر غور ہو گا جبکہ فواد عالم کی سی سے بی کیٹگری میں ترقی ہو گی، اس کے علاوہ محمد نواز، عمران بٹ اور زاہد محمود کے نام بھی زیر غور ہوں گے۔

مزیدخبریں