کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی۔ ری پولنگ میں مفتاح اسماعیل بری طرح ہاریں گے۔
نیونیوز کے مطابق سعید غنی نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں نون لیگ والے اپنی بدنظمی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ن لیگ والوں کو درخواست دینے کا حق ہے، پارٹی کو تجویز دی ہے کہ پورے حلقے میں ری پولنگ کرائیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے۔ ووٹوں کا فارنزک آڈٹ کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔
ادھر مریم نواز نے بھی کہا ہے کہ جیت اگر شفاف ہے تو دوبارہ گنتی کروانے میں کسی جماعت کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جیت کا مارجن چند سو ووٹ کا ہے اورمسترد شدہ ووٹ جیت کے فرق سے زیادہ ہیں، 5% سے کم فرق پر دوبارہ گنتی ہمارا قانونی و آئینی حق ہے۔چیف الیکشن کمشنر سے درخواست ہے کہ مسلم لیگ ن کو اس کا یہ حق دیں۔