لاہور:مسلم لیگ ن نے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست بھی دیدی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جیت اگر شفاف ہے تو دوبارہ گنتی کروانے میں کسی جماعت کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جیت کا مارجن چند سو ووٹ کا ہے اورمسترد شدہ ووٹ جیت کے فرق سے زیادہ ہیں، 5% سے کم فرق پر دوبارہ گنتی ہمارا قانونی و آئینی حق ہے۔چیف الیکشن کمشنر سے درخواست ہے کہ مسلم لیگ ن کو اس کا یہ حق دیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرائیں، یہ ہمارا آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکشن 95 (5) کا تقاضاہے کہ کل ڈالے جانے والے ووٹوں کا مارجن پانچ فیصد سے کم ہو، تو دوبار گنتی کرائی جائے ۔ سیکشن 95 (6 )کے تحت مجموعی رزلٹ سے قبول دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے ۔ امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئین اور شفافیت کے تقاضوں کو یقینی بنائیں گے ۔