اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر کو روکنے کے لئے این سی او سی نے بڑا اعلان کیا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو 80 فیصد کم کیا جائے گا۔ فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے 20 مئی تک نافذ العمل رہیں گی۔
نیو نیوز کے مطابق این سی او سی نے بیرون ممالک کے مسافروں کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایئر ٹریفک کو 80 فیصد تک کم کر کے فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے 20 مئی تک رہیں گی جبکہ 18 مئی کو موجودہ پابندیوں کے پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔
تمام مسافروں کو 72 گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازم ہوگا۔ پاکستان آمد پر ایئر پورٹ پر دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ٹیسٹ نیگیٹو ہونے پر بھی دس دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی کورونا سے ڈیڑھ سو کے قریب مریض جاں بحق ہوگئے۔46 سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ کوروناسے مزید 146 مریض جان کی بازی ہار گئےجس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہو گئی ۔
24 گھنٹے میں 48ہزار 740 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4ہزار 696 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔اس طرح مثبت کیسز کی شرح9.63 فیصد رہی۔
دوسری طرف کورونا کی تیسری لہر بے قابو ہونے سے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کردی ہے۔ لاہور میں بھی آج اور کل مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
لاہور میں مارکیٹس بند رہیں گی۔شہریوں کو بغیر کسی ضرورت کے گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔دیگر شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح لاہور میں تھی جو 28 فیصد تھی۔
ادھر ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ویکسی نیشن سنٹرز آج چھٹی ہونے کے باوجود کھلے رہیں گے۔50 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن جاری ہے جبکہ 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی رجسٹریشن ہو رہی ہے جن کی ویکسی نیشن 3 مئی سے شروع ہوگی۔