اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام نے سماجی انصاف اور محنت کشوں کے حقوق کا احترام کرنے پر خصوصی زور دیا ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ کو گھر ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کی وبا کے باعث محنت کشوں بالخصوص روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو درپیش چیلنج سے پوری طرح آگاہ ہے اور کم آمدن والے محنت کشوں کیلئے حکومت نے ’’مزدور کا احساس ‘‘پروگرام شروع کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یکم مئی ہمیں ان کارکنوں کی قربانیوں ، بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے اور کام کے منصفانہ ماحول کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔