عمران خان کو فری ہینڈ نہ دیا گیا تو وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے: اسد عمر

09:15 AM, 1 May, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر کام نہ کرنے دیا گیا تو وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرسکتے ہیں۔

ٹی وی انٹرویو میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کسی بھی مرحلے اور وقت پر اپنے عہدے کی مدت میں کمی سے نہیں ہچکچائیں گے اور جب وہ بہتر سمجھیں گے وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعظم کے حوالے سے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ اسمبلیاں تحلیل کرسکتے ہیں ، وہ جب چاہیں ایسا کسی بھی وقت کرسکتے ہیں اور ایسا وہ اپنی مدت مکمل ہونے سے 6ماہ، ایک سال یا دوسال قبل بھی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت میں صرف طاقت اور اقتدار کے حصول کیلئے نہیں آئے ، اگر انہیں اپنے منشور پر عملدرآمد کا فری ہینڈ نہیں دیا گیا تو وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان بڑے لیڈر ہیں، وہ کبھی بلیک میل نہیں ہوں گے۔ کام میں رکاوٹ ڈالی گئی تو دوبارہ مینڈیٹ لینے عوام کے پاس چلے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت میں بھی کچھ رہنماؤں نے الگ گروپ بنایا تھا۔ عمران خان نے اُن کو ملاقات کیلیے بلایا اور پھر واضح کردیا کہ کچھ بھی ہوجائے بلیک میل نہیں ہوگا بلکہ اسمبلیاں توڑ دوں گا۔

اسد عمر کے انٹرویو  کے بعد سوشل میڈیا پر نئی  بحث چھڑ گئی ہے کہ وزیر اعظم اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر کو خود بھی ٹویٹ کرنا پڑ گیا۔

مزیدخبریں