اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی کورونا سے ڈیڑھ سو کے قریب مریض جاں بحق ہوگئے۔4600 سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کوروناسے مزید 146 مریض جان کی بازی ہار گئےجس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہو گئی ۔
24 گھنٹے میں 48ہزار 740 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4ہزار 696 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔اس طرح مثبت کیسز کی شرح9.63 فیصد رہی۔
دوسری طرف کورونا کی تیسری لہر بے قابو ہونے سے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کردی ہے۔ لاہور میں بھی آج اور کل مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
لاہور میں مارکیٹس بند رہیں گی۔شہریوں کو بغیر کسی ضرورت کے گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔دیگر شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح لاہور میں تھی جو 28 فیصد تھی۔
ادھر ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ویکسی نیشن سنٹرز آج چھٹی ہونے کے باوجود کھلے رہیں گے۔50 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن جاری ہے جبکہ 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی رجسٹریشن ہو رہی ہے جن کی ویکسی نیشن 3 مئی سے شروع ہوگی۔