ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنا لئے ہیں اور اسے میزبان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز زمبابوین بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دئیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے روئے کائیا نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے جبکہ مساکاندا 14، برینڈن ٹیلر 5، ملٹن شومبا 27، شکابوا 19، تریپانو 28، ٹینڈائی چیسورو 9 اور موزارابانی 14 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 15.1 اوورز میں 43 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن علی نے 15 اوورز میں 53 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
زمبابوے کی پہلی اننگز کے 176 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بناتے ہوئے 198 رنز کی برتری حاصل کی۔ فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ 91، عابد علی 60، اظہر علی 36 اور محمد رضوان 45 رنز بنا سکے جبکہ کپتان بابراعظم اور فہیم اشرف کوئی سکور بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ ٹریپانو اب تک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 23 اوورز میں 89 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بلیسنگ موزارابانی، رچرڈ اینگراوا اور ٹینڈائی چیسورو ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
پہلا ٹیسٹ، قومی ٹیم کے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز، 198 رنز کی برتری حاصل
12:06 AM, 1 May, 2021