کراچی: حکومت سندھ نے تین اسپتالوں کو کورونا مریضوں کے لیے پلازمہ جمع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
این آئی بی ڈی، سول اسپتال کراچی اور لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد جلد تجرباتی بنیادوں پر کورونا مریضوں کے علاج کے لیے پلازمہ کا استعمال بھی کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈریپ جلد تین مزید اسپتالوں کو پلازمہ جمع کرنے اجازت بھی دے گا۔ کورونا سے صحتیاب مریضوں کا پلازمہ کورونا کے مریضوں کے جلد کام آسکے گا۔
قومی ادارہ برائے امراض خون میں پلازمہ جمع کرنے کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے۔ ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کہتے ہیں کہ اب جن افراد کا پلازمہ حاصل کیا گیا ہے خوش قسمتی سے وہ دوبارہ کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوئے۔ڈریپ سے منظوری کے بعد حکومت سندھ نے تین اسپتالوں کو پلازمہ جمع کرنے اور تجرباتی بنیادوں پر اس کے استعمال کی اجازت دی۔
کراچی کا قومی ادارہ برائے امراض خون اور سول اسپتال جبکہ حیدرآباد کا لیاقت یونیورسٹی اسپتال یہ کام سرانجام دے سکیں گے۔ڈریپ کی اجازت کے بعد جلد ہی کورونا وائرس کے مریضوں کے کلینکل ٹرائل شروع کردئیے جائیں گے۔ ساتھ ہی علاج کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے جلد ڈریپ تین مزید اسپتالوں کے ناموں کی منظوری بھی دے گا۔