اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کے لیے ’’احساس پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے حکومتی اقدامات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور غریب کارکنوں کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پروگرام پر مکمل عملدرآمد ایک حقیقی چیلنج ہے جس کیلئے مکمل توجہ درکار ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مرحلہ وار اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ احساس لیبر اور سوشل پروٹیکشن ایکسپرٹس گروپ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے جو محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے سفارشات پیش کرے گا۔ مزدور کا احساس پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔