گوادر : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بلوچستان کی زمین ، پہاڑوں ، سمندر اور یہاں کے وسائل پر بلوچستان کے عوام کا حق ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا۔ گوادر پر کوئی باہر سے آ کر قابض نہیں ہوسکتا ہم اپنے سمندر کے پانی کا ایک قطرہ بھی کسی کو دینے کے لیے تیار نہیں ۔ سی پیک کی حمایت کرتے ہیں ، مگر گوادرکی زمین گوادر والوں کے پاس رہے گی ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم مئی کے حوالے سے فش ہاربر گوادر میں منعقدہ ماہی گیروں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت نے ملک بھر میں ماہی گیر بچائو تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ تقریب کے بعد امیر جماعت سینیٹر سراج الحق نے ماہی گیروں اور مچھیروں کے ساتھ کھانا بھی کھایا ۔ اس موقع پر بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی اور صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمن بھی موجود تھے ۔