کیلیفورنیا: شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے متبادل کے طور پر انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے ایک نئی ایپ متعارف کرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے سربراہ نے ملازمین کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ میں اس نئی ایپ پر گفتگو کی، جس کا مقصد ٹک ٹاک کا متبادل فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی حکومت نے چینی ایپ ٹک ٹاک پر سخت پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔ امریکا میں قانون بنایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کو اپنے امریکی آپریشنز کسی امریکی کمپنی کو فروخت کرنے ہوں گے، بصورت دیگر اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق، انسٹاگرام کی نئی ویڈیو شیئرنگ ایپ اسی طرح انسٹاگرام سے جڑی ہوگی جیسے "تھریڈز" کو انسٹاگرام کے ساتھ مربوط کیا گیا تھا۔ تاہم، اس حوالے سے میٹا نے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد ہوتی ہے تو میٹا کی نئی ایپ صارفین کو متبادل پلیٹ فارم فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔