اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ شام اور رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد، پشاور، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ مری اور گلیات میں مطلع ابر آلود رہے گا اور رات کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان اور راجن پور میں بھی ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد رہے گا، کوئٹہ، زیارت، مستونگ، خضدار، ژوب اور ہرنائی میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام اور رات میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔